عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ آج بہت سے لوگوں کا زندگی کا مقصد متعین نہیں، دوسروں کی نقل کرکے زندگی کا مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا، زندگی کا مقصد کیا ہے اس کا سب سے اچھا جواب اللّٰہ تعالیٰ ہی دے سکتے ہیں، اللّٰہ کی عبادت یہ ہے کہ اس کے احکامات پر عمل کیا جائے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ آج 12 سال کے بعد میں یہاں پاکستان میں اردو میں تقریر کر رہا ہوں، آخری مرتبہ بنگلور انڈیا میں اردو میں تقریر کی تھی۔
معروف مذہبی اسکالر نے کہا کہ میری بڑی خواہش تھی پاکستان میں اردو یا انگریزی میں تقریر کروں، آج پاکستان میں آپ سے مخاطب ہو کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب سے بھارت سے ہجرت کی ہے اردو میں تقریر کا موقع نہیں ملا، بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ اردو میں تقریر نہیں کر تے، بھارت سے باہر تقریر کرتا رہا ہوں اس لئے اردو میں تقریر کا موقع نہیں ملا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ آج میری تقریر کا موضوع ’ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے‘ ہے۔
اس موقع پر پولو گراؤنڈ میں بڑی اسکرینز نصب کی گئی ہیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خطاب سننے ہزاروں مرد و خواتین موجود تھے۔اس سے قبل ذاکر نائیک کے صاحبزادے شیخ فارق نائیک نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں پاکستان کی سرزمین پر ہوں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کروڑوں انسانوں کو دین اسلام کاپیغام پہنچایا۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرنا ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نوجوان اپنا کردار ادا کریں گے۔