وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔
مریم نواز نے اسلام آباد میں مشتعل مظاہرین کے تشدد سے کانسٹیبل کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں منہ توڑ جواب ملے گا، تحریک انتشار مسلح جتھے کی شکل اختیار کرچکی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ دوسروں کو اذیت دینا، عوام کے جان ومال کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنا کونسی سیاست ہے؟وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا تشدد اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔
دوسری طرف پنجاب کی سینیئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ کانسٹیبل عبدالحمیدکی شہادت کا ذمہ دار 9 مئی کا مجرم اور فاشسٹ شخص ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس شخص کی سوچ یہ ہے کہ وہ نہیں تو کچھ بھی نہیں، پاکستان پرایٹم بم گرادو، یہ سوچ قابل مذمت ہے۔