سمندری طوفان ’ملٹن ‘امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحل پر خلیج میں واقع ٹیمپا بے سے ٹکرا گیا ہے۔ حکام نے ابتدائی طور پر اس کو کیٹیگری تھری کا طوفان قرار دیا ہے۔ فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں لگ بھگ 160 کلو میٹر کی انتہائی تیز ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ تیز بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق امریکہ میں طوفانوں پر نظر رکھنے والے سرکاری ادارے ’نیشنل ہیریکین سینٹر‘ کا کہنا ہے کہ بدھ کی شب مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے ریاست فلوریڈا کے ساحلی علاقے سیستاکے سے جس وقت طوفان ٹکرایا تو وہاں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔