بنتِ مریم:
دلکش نین نقش میں ستواں یعنی تیکھی پتلی ناک خاص اہمیت کی حامل ہےاور کیوں نہ ہو، حواس خمسہ کا یہ اہم رکن آپ کے چہرے کے بیچوں بیچ جو براجمان ہے۔چاہے وہ مرد ہو یا عورت ، تیکھی دلکش ناک لوگوں کو اپنی طرف راغب کرتی ہے۔قدرتی طور پر بہت کم لوگ ہی ایسے ہوتے ہیں جن کی ناک کاملیت کے معیار پر پوری اترتی ہو۔
عموماً ناک کی ساخت ہمارے میعار کے مطابق نہیں ہوتی۔کسی کی ناک کی لمبائی زیادہ ہوتی ہے تو کسی کے نتھنے ضرورت سے زیادہ کھلے معلوم ہوتے ہیں۔کسی کی ناک کو طوطے کی چونچ سے تشبیہ سے دی جاتی ہے تو کسی کی ہڈی کا ابھار اونٹ کی کوہان معلوم ہوتا ہے۔چہرے کے دیگرنقوش خواہ جتنے دلکش ہوں،بے ڈھنگی یا موٹی ناک ان کی خوبصورتی پر گرہن لگا دیتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں دلکشی کے حصول کے لیے کرائے جانے والے آپریشن یا پلاسٹک سرجری میں ناک کی سرجری سب سے زیادہ کرائی جاتی ہے جسےرائنو پلاسٹی کہا جاتا ہے۔
یہ سرجری خاصی مہنگی ہے ،پاکستان میں کسی مستند علاج گاہ سے اس سرجری کے اخراجات 80 ہزار سے لے کر 3 لاکھ تک ہو سکتے ہیں جن کا ہر کوئی متحمل نہیں ہو سکتا۔ تو کیا دلکش ناک کا خواب بنا سرجری پورا ہونا ناممکن ہے؟
بڑی حد تک اس سوال کا جواب ہاں ہی ہے لیکن مکمل طور پر نہیں۔ اگر آپ مستقل کوشش کریں تو بنا سرجری بھی ناک کی ساخت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔مستقل مزاجی اور صبرو تحمل سے کچھ تدابیر پر عمل کیا جائے تو یہ جلد ہی آپ کو مطلوبہ نتائج مل سکتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ یہ عمل جلد کو چمکدار بنانے کی طرح نہیں ، جس میں آپ کوئی کریم یا ماسک لگا لیں گے تو کام بن جائے گا۔دوسری بات یہ کہ آپ کی ناک کی ساخت راتوں رات بہتر ہو جائے گی ، اپنے دماغ سے یہ خیال دور کردیں ، کیونکہ ان تدابیر میںہڈیوں اور سخت جلد کی جگہ کو تبدیل کیا جانا ہےجو خاصا مشکل اور صبر آزما عمل ہے۔ لہٰذا فرق آنے میں کچھ وقت لگے گا لیکن قدرتی ہونے کی وجہ سے ، ان کی وجہ سے کوئی ضمنی اثر نہیں پڑے گا۔ اس کی وجہ یہ ہوگی کیونکہ یہاں کسی بھی کیمیائی یا نقصان دہ کریم کو استعمال نہیں کیا جارہا۔تراکیب درج ذیل ہیں۔
1 ۔ اپنی ناک کو انگوٹھے اور انڈیکس انگلی سے تھامیں اور پھر آہستہ آہستہ اوپر کی طرف اٹھائیں۔ آپ روزانہ 5سے10 منٹ تک ایسا کرتے رہیں گے تو چند ہفتوں میں آپ کو فرق نظر آئے۔ یہ طریقہ ان لوگوں کے لئے بھی کارآمد ہے جن کی ناک بڑی اور موٹی ہے۔
2 ۔ ناک کو تیکھا کرنے کا دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آنکھ کے قریب ناک کی ہڈی پر مساج کریں۔ مساج کے دوران لیوینڈر آئل یا کوئی بھی معیاری تیل لگانا نہ بھولیں تاکہ جلد خشک نہ ہو۔مساج کرتے ہوئے دبائو بڑھاتے جائیں۔
3 ۔ آپ یوگا کے ذریعے اپنی ناک بہتر بناسکتے ہیں۔ یوگا میں ہر چیز فطری انداز میں کی جائے گی اور آپ کو یہ بھی معلوم نہیں ہوگا کہ آپ کی ناک کب تیکھی ہوگئی۔اس کے لیے آپ یوگا کے انداز میں آلتی پالتی مار کر آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں۔ اب پہلے بائیں نتھنے کوانگوٹھے سے دبا کر بند کرئیں اور دائیں نتھنے سے گہری سانس لیں اور پھر اس عمل کے برعکس کریں یعنی دائیں نتھنے کو دبا کر بائیں نتھنے سے سانس لیں۔ اس میں ، آپ ایک لمبی سانس لیتے ہیں (سانس لینے کا وقت تقریباً 10 سیکنڈ کا ہے اور چھوڑنے کا وقت تقریباً 15 سیکنڈ کا ہے)۔ لیکن وقت کے لئے بہت سخت رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس عمل سے کچھ دنوں میں آہستہ آہستہ آپ کی ناک ستواں ہونے لگے گی اور آپ کو ذہنی سکون بھی ملے گا۔
4 ۔ دونوں ہاتھوں کی درمیانی انگلی اور انگوٹھے کو ناک (آنکھ کی سمت) کے اوپر رکھیں اور تھوڑا سا دباؤ دیتے ہوئے ناک کی ہڈی کی سیدھ میں نیچے کی طرف لائیں۔ آپ لیونڈر آئل یا کوئی معیاری تیل یا لوشن مساج کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ 5سے6 منٹ تک یہ عمل روزانہ دو بارباقاعدگی سے کریں (آپ دن میں کئی بار بھی ایسا کرسکتے ہیں)۔ اس سے ناک تیکھی ہوجائے گی ، لیکن اس میں وقت لگے گا۔
5 ۔ آپ نوز اپ شیپر (nose up shaper)جیسے خوبصورتی بڑھانے کے آلات بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس طرح کے آلے مارکیٹ اور آن لائن کافی دستیاب ہیں۔ لیکن اس طرح کی مصنوعات کو استعمال کرنے سے پہلے یقینی بنائیں کہ اس کا تعلق کسی معیاری برانڈ سے ہے۔