اسلام آباد: گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مقامی گیس کی پیداوار میں 481 ایم ایم سی ایف ڈی کی یومیہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں گیس کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ، نئی کمپنیاں گیس تلاش نہیں کررہیں،سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے متعدد تیل اور گیس کی کمپنیاں کام بند کر چکی ہیں۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سال 20-2019 میں مقامی گیس کی پیداوار 3 ہزار 597 ایم ایم سی ایف ڈی تھی ، سال 24-2023 کے دوران گیس کی پیداوار 3 ہزار 116 ایم ایم سی ایف ڈی پر آگئی۔
سندھ کی پیداوار میں بھی 309 ایم ایم سی ایف ڈی کی یومیہ کمی آئی ہے ، سال 20-2019 میں سندھ میں گیس کی پیداوار 2300 ایم ایم سی ایف ڈی تھی جو سال 24-2023 کے دوران ایک ہزار 991 ایم ایم سی ایف ڈی پر آگئی ، صوبہ سندھ پاکستان کی مقامی گیس کا 60 فیصد سے زائد پیدا کرتا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کی گیس کی پیداوار میں 431 ایم ایم سی ایف ڈی اور پنجاب کی گیس کی پیداوار میں 41 ایم ایم سی ایف ڈی یومیہ کمی آئی ہے۔
