پی ٹی آئی ارکان کا سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ

اسلام آباد: عون عباس بپی کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔ڈپٹی چیئرمین سیدال خان ناصر کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔دوران اجلاس سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی ارکان نے سینیٹ سے واک آؤٹ کر دیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عون عباس بپی کی اس ہاؤس میں اتنی ہی عزت ہے جتنی سب کی، اس ہاؤس کو کسی کے دباؤ یا پریشر میں آ کر نہیں چلائیں گے، سینیٹ کا اجلاس قانون کے تحت چلے گا۔
وزیر قانون اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عون عباس بپی پر مقدمہ وائلڈ لائف کے تحت کیا گیا، معزز رکن پر مقدمہ صوبائی معاملہ ہے، جس حد تک ممکن ہوا صوبائی حکومت سے معزز رکن کیلئے بات کریں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وزیر قانون کو سینیٹر عون عباس بپی کے معاملے پر آج رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ آج ہی تمام معاملے پر مفصل رپورٹ پیش کی جائے، ہاؤس کا احسن انداز میں چلانا ہے، اپوزیشن اور حکومت کے ارکان آپس میں طے کر لیں اور تجاویز دیں۔
دوران اجلاس سینیٹر منظور کاکڑ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ آپ مجھ سے ایسے بات نہ کریں جیسے اپنے ڈرائیور کو ہدایات دے رہے ہوں۔بعدازاں کورم پورا نہ ہونے پر سینیٹ اجلاس ہفتہ صبح ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں