وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ روڈا میں صحافیوں کے لیے مختص پلاٹس پر سٹے آرڈر کیساتھ کیس بھی ختم ہو گیا ہے۔ اس سکیم کے لیے اہل تمام لوگوں کو 5 مرلے کے پلاٹس ملیں گے, سکیم کے تحت 3200 سے زائد صحافیوں کو پلاٹس دیئے جائیں گے۔ سوسائٹی میں ڈی جی پی آر کے ملازمین کا بھی 10 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے تمام صحافیوں کو بہت بہت مبارکباد ہو ،ہماری محنت رنگ لے آئی ہے۔یہ معاملہ ایک عرصے سے عدالت میں زیرالتوا ءتھا آج اسٹے ختم ہوگیا ہے۔ اس معاملے میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے بھی ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور پریس کلب کے ممبرز کی لسٹ ہمارے پاس موجود ہے۔ جن کے نام لسٹ میں نہیں،جو نان ممبر صحافی ہیں اور انکا 10 سالہ تجربہ ہے وہ بھی درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔ جو صحافی 10 سال سے کسی ادارے کے ساتھ منسلک ہیں ان کو صرف اپنی 1 سال کی سیلری سلپ کے ساتھ درخواست جمع کروانی ہوگی۔