آج کل پالک کا سیزن ہے اور یہ آپ ہر بڑے گروسری اسٹور سے لے کر گلی محلے کی سبزی کی ہر دکان پر نظر آتا ہے، قیمت میں کم اس سبزی کے فائدے اتنے ہیں کہ آپ شمار کرتے کرتے تھک جائیں گے، خاص طور پر آئرن یعنی فولاد اس میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔
سُپر فوڈز میں سرِ فہرست شمار کیے جانے والے پالک سے مزے دار کھانے بنانے کے بہت سارے طریقے ہیں، آپ اسے پکا کر یا کچا بھی کھا سکتے ہیں، اس میں بہت سارے وٹامنز اور معدنیات موجود ہیں جو کینسر جیسی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے اور دیگر متعدد فوائد فراہم کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، پالک کے فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
پالک کے غذائی اجزاء
سبز سبزیوں، خاص طور پر پالک میں کسی بھی دوسری سبزی کے مقابلے میں زیادہ غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں، پکا ہوا ایک کپ پالک 41 کیلوری پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ اس میں وٹامن ’اے‘ اور ’کے‘ کی غیر معمولی مقدار بھی ہوتی ہے، اس کے علاوہ پالک انسانی جسم کو روزانہ کی بنیاد پر درکار اجزاء کی ضرورت کچھ اس طرح پوری کرتی ہے۔
میگنیز (84 فیصد)، فولیٹ (65.7 فیصد)، میگنیشیم (35.1 فیصد)، آئرن (35.7 فیصد)، کاپر (34.4 فیصد)، وٹامن بی 2 (32.3 فیصد)، وٹامن بی 6 (25.8 فیصد)، وٹامن ای (24.9 فیصد)، کیلشیئم (24.4 فیصد)، پوٹاشیئم (23.9 فیصد)، وٹامن سی (23.5 فیصد)، پانی (91 فیصد)، پروٹین (2.9 گرام)، کاربو ہائیڈریٹس (3.6 گرام)، شوگر (0.4 گرام)، فائبر (2.2 گرام)، فیٹس (0.4 گرام) اور کیلوریز (23 گرام)۔
٭ پالک میں ناقابلِ استعمال ریشہ یعنی فائبر بہت زیادہ ہوتا ہے، جس سے آپ کی صحت بہتر اور قبض کی شکایت دور ہو گی۔
٭ پالک میں کیروٹینائڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جسے آپ کا جسم وٹامن اے میں بدل سکتا ہے۔
٭ وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے، جو جِلد کی صحت اور قوتِ مدافعت کو فروغ دیتا ہے۔
٭ وٹامن K1 خون جمنے کے لیے ضروری ہے، خاص طور پر پالک کا ایک پتہ روزانہ کی نصف ضرورت پوری کر سکتا ہے۔
٭ فولک ایسڈ کو فولیٹ یا وٹامن بی 9 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ کمپاؤنڈ حاملہ خواتین کے لیے بہت ضروری ہے اور عام خلیوں کے افعال اور پٹھوں کی افزائش میں بھی معاون ہے۔
٭ پالک آئرن جیسے ضروری معدنی عنصر کا ایک بہترین ذریعہ ہے، آئرن ہیموگلوبن بنانے میں مدد کرتا ہے، جو آپ کے جسم کےٹشوز یا عضلات میں آکسیجن پہنچاتا ہے۔
٭ کیلشیئم ہڈیوں کی صحت، اعصابی نظام، دل اور پٹھوں کےاہم سگنلنگ مالیکیول کے لیے ضروری ہے۔