حملے ناقابل قبول ہیں، چینی سفیرنے پاکستان کو سخت پیغام دیدیا

اسلام آباد:پاکستان میں چین کے سفیرجیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی سکیورٹی سی پیک کو آگے بڑھانے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،اس کے بغیریہ نہیں چل سکتا، 6 ماہ میں 2 مہلک حملے ناقابل قبول ہیں،
حکومت پاکستان کو چین مخالف دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنا ہوگا۔جب تک محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جاتا یہ پروگرام آگے نہیں بڑھ سکتا۔ منگل کو پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام “China at 75” سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا انھیں امید ہے کہ پاکستان چینی شہریوں ،اداروں اور منصوبوں کی سیکیورٹی کو مضبوط بنائے گا۔
پاکستان کو ان لوگوں کو سخت سزا دینی چاہیے جو چینی شہریوں پرہونے والے مہلک حملوں میں ملوث ہیں۔چینی سفیرکا کہنا تھا کہ ان کے صدر ڑی جن پنگ اپنے شہریوں کی سلامتی کے بارے میں بہت فکرمند ہیں،وہ اپنے لوگوں کی زندگیوں کو باقی ہرچیز پر فوقیت دیتے ہیں۔جب کبھی بھی ان کی پاکستانی قیادت سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے پاکستان میں موجود چینی شہریوں ،اداروں اور پراجیکٹس کی سکیورٹی کے بارے میں بات کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران چینی شہریوں پر دو مہلک حملے ہوچکے ہیں۔ان میں پہلا حملہ مارچ اوردوسرا اکتوبرمیں اس وقت کیا گیا جب چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں صرف 10 دن باقی تھے۔چینی سفیر نے کہا صدر لی نے بھی اپنے حالیہ دورہ میں پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران اقتصادی ترقی اورتعاون کیلئے سکیورٹی کی اہمیت پر زوردیا ہے.
چین پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنا چاہتا ہے ،لیکن ہمیں امید ہے کہ پاکستانی حکومت اس معاملے میں چینی شہریوں کیلئے مناسب ماحول بھی فراہم کرے گی۔صدر ڑی نے ہمیشہ کہا ہے سکیورٹی ترقی کی ضامن اورترقی سکیورٹی کی ضامن ہے۔ہم مل کران دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں