انگلینڈ: چڑیا گھر میں پُراسرار جانور کی موجودگی سے انتظامیہ تشویش میں مبتلا

انگلینڈ کے برسٹل چڑیا گھر میں ایک پراسرار جانور کی موجودگی کا انکشاف ہونے پر انتظامیہ دنگ رہ گئی۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رات کے وقت برسٹل چڑیا گھر میں نصب ایک کیمرے میں نظر آنے والے اس پراسرار جانور کی 4 ٹانگیں ہیں اور یہ قد میں کافی چھوٹا ہے لیکن اس جانور کی شناخت ناممکن ہے۔
چڑیا گھر کی پبلک انگیجمنٹ مینجر روزی سمز کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں جانور کی موجودگی ہمارے لیے ایک معمہ ہے لیکن رواں سال ہالووین کے موقع پر اس کی یہاں موجودگی لوگوں کی خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اسکاٹ لینڈ میں ایک’لوچ نیس مونسٹر‘ جبکہ کارن وال میں’بیسٹ آف بوڈمن مور‘ نامی عجیب و غریب مخلوق موجود ہے اور اب اس چڑیا گھر میں ہمارے پاس بھی شاید ایسا ہی کوئی افسانہ دریافت ہوا ہے۔
برسٹل چڑیا گھر میں موجود اس جانور کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی ہیں اور صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں