منشیات کے عادی بیٹے سے پریشان ماں نے گھر میں ہی جیل کا سیل بنوالیا

تھائی لینڈ میں ایک پریشان حال خاتون نے منشیات اور جوئے کے عادی اپنے بیٹے کو ان برائیوں سے بچانے کےلیے گھر میں آہنی سیل بناکر اسے قید کردیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ بالا 64 سالہ خاتون نے 20 برس سے زیادہ عرصے تک منشیات کے عادی اپنے بیٹے سے خوف و خدشات کے ساتھ رہنے کے بعد اب اس نے خود کو اور پڑوسیوں کو بچانے کےلیے غیر معمولی اقدام کرتے ہوئے حال ہی میں اپنے گھر کے اندر جیل کا سیل تیار کروایا ہے، تاکہ وہ اپنے 42 سالہ نشے کے عادی بیٹے کو وہاں رکھ سکے جو اکثر تشدد پر اتر آتا ہے۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر کا انتقال بیٹے کی صورتحال سے پیدا شدہ ڈپریشن سے ہوا، اس کے مطابق اس نے برسوں ہر وہ چیز کی جس سے اپنے بیٹے کو ان برائیوں سے بچایا جاسکے، جس میں متعدد بار ملک بھر میں دس سے زیادہ بحالی مراکز میں اس کا داخلہ شامل ہے۔

لیکن اس سے کچھ نہیں ہوا بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ زیادہ متشدد ہوگیا۔ معاملہ اس حد تک خراب ہوا کہ ایک موقع پر اس کا بیٹا جوئے کا بھی عادی ہوگیا جس سے صورتحال مزید خراب ہوئی۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں خاتون نے بیٹے کو کنٹرول کرنے میں ناکامی پر پولیس کو فون کیا جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں سے واپسی پر خاتون نے مذکورہ بالا جیل سیل کی تنصیب کا فیصلہ کیا۔

اس سیل میں اس نے بیٹے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اسے خوراک اور پانی پہنچانے کا انتظام بھی کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں