ماہی گیر کے جال میں مچھلی کی بجائے امریکی جوہری آبدوز پھنس گئی

مالاجن: ناروے کے شہر مالاجن میں ایک ماہی گیر کے جال میں مچھلی کی بجائے امریکی جوہری آبدوز پھنس گئی، جس کے بعد ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا۔ ناروے کے نشریاتی ادارے کے مطابق، ہیرالڈ انگین نامی ماہی گیر ہالی بٹ مچھلی کا شکار کر کے واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ اچانک اسے ایک پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ اس کے جالوں میں امریکی آبدوز *یو ایس ایس ورجینیا* کے پروپلرز پھنس گئے ہیں، جس کے نتیجے میں آبدوز جال کو کھینچتے ہوئے 2 ناٹیکل میل دور جا پہنچی۔

یہ جوہری آبدوز امریکی نیوی کی *یو ایس ایس ورجینیا* تھی، جو ناروے کی بندرگاہ *Tromso* کی جانب جا رہی تھی۔ ناروے کے کوسٹ گارڈز نے اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ان کے جہاز نے فوری طور پر جال کاٹ کر آبدوز کو آزاد کرایا۔

ہیرالڈ انگین نے اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتا تھا کہ مختلف بحری جہاز مچھلی کے جالوں کے قریب سے گزرتے ہیں، لیکن اس سے پہلے کبھی نہیں سنا تھا کہ کوئی آبدوز جال میں پھنس جائے۔ تاہم، اس نے اس غیر معمولی واقعے پر غصے کا اظہار نہیں کیا اور بتایا کہ کوسٹ گارڈز نے اس کے ساتھ رابطہ کر کے اس کی زرتلافی کے حوالے سے بات کی ہے۔

امریکی فوج کے ترجمان نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں