اسلام آباد : قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس میں 11ترقیاتی منصوبوں پر غور ہوا، 172.7بلین روپے کی لاگت کے 10منصوبوں کی منظوری دی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنگ) کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران وزارت صحت کی جانب سے مزید وضاحت کے لیے ایک پروجیکٹ مؤخر کر دیا گیا، منظور شدہ منصوبوں میں سے 6منصوبے بلوچستان کے ہیں۔
علاوہ ازیں بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ کے صوبوں میں رابطے کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کے شعبے سے متعلق منظور شدہ منصوبے شامل ہیں۔کراچی کے لیے 29.2 بلین روپے کی لاگت سے سالڈ ویسٹ انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے ورلڈ بینک کے فنڈڈ منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اس سے قبل قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے 6ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی تھی۔ ایگزیکٹو کمیٹی نے صحت، زراعت، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں 178 ارب 10کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی تھی۔
کمیٹی میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے قیام کے لیے 52 ارب 77 کروڑ 52 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ منظور کیا گیا،اس کے علاوہ سندھ لائیو سٹاک اینڈ ایکوا کلچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے لیے 38 ارب 3 کروڑ 60لاکھ روپے مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی تھی۔