پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جنرل زونگ نے پہلے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی بعد ازاں وفود کی سطح کے مذاکرات ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ جنرل عاصم منیر نے باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا، آرمی چیف نے پاک چین دوستی کا ذکر بھی کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے پاک چین تعلقات کی پائیداری کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تاریخی شراکت داری مزید بڑھانے کے لیے تیار ہیں، تمام حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مشکل گھڑی میں اعتماد پر پورا اترے، مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر وائس چیئرمین ژانگ نے سٹریٹجک پارٹنرشپ کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی پر تعریف کی اور چینی سینٹرل ملٹری کمیشن نے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور چینی سینٹرل ملٹری کمیشن نے پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں