کرپٹو ٹائکون جسٹن سُن نے 1 ارب 72 کروڑ اور 50 لاکھ روپے (62 لاکھ ڈالر) میں خریدے فن پارے (جس میں دیوار پر ٹیپ سے کیلا چپکا ہوا ہے) کا کیلا کھانے کا وعدہ پورا کر دیا۔
ہانگ کانگ کے ایک ہوٹل میں جسٹن سُن نے درجنوں صحافیوں اور انفلوئنسرز کی موجودگی میں فن پارے کے متعلق گفتگو کی اور اس خیالی فن اور کرپٹو کرنسی کے درمیان مشابہت واضح کرنے کے بعد کیلا کھا لیا۔پہلا نوالہ لینے کے بعد جسٹن کا کہنا تھا کہ اس کا ذائقہ دیگر کیلوں سے بہت بہتر ہے۔
’کامیڈین‘ نامی یہ فن پارہ اطالوی فن کار ماوریزیو کیٹیلان نے بنایا تھا جو گزشتہ ہفتے نیویارک کے نیلام گھر سوتھبیز میں فروخت ہوا۔نیلامی میں جسٹن کے ساتھ سات مزید بولی لگانے والے موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بولی جیتنے کے ابتدائی 10 سیکنڈ تک وہ غیر یقینی کے حالت میں رہے بعد ازاں انہوں نے محسوس کیا کہ اس سے کچھ بڑا کیا جاسکتا ہےاور پھر انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ وہ یہ کیلا کھا جائیں گے۔