ذہنی دباؤ آپ کی خوبصورتی کو متاثر کر سکتا ہے

دنیا میں شاید ہی کوئی انسان ایسا ہو، جسے ذہنی دباؤ کا سامنا نہ ہوتا ہو۔ملازمت، یوٹیلیٹی بلز یا زندگی کا کوئی نہ کوئی واقعہ آپ کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر سکتا ہے، تاہم اس کیفیت میں آپ کب تک رہتے ہیں، یہ آپ پر منحصر ہے۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ ذہنی دباوٴ کو کیسے مینیج کرتے ہیں۔عام طور پر ذہنی دباوٴ سے دور رہنے کیلئے صحت بخش غذائیں، ورزش اور بھرپور نیند جیسے معمولات پر عمل کیا جاتا ہے۔
نیویارک کے ادارے الیون الیون ویلنیس سینٹر کے ہیلتھ کوچ جیکی ڈومبورگیان کا کہنا ہے، ”اگر ذہنی دباوٴ آپ کے بالوں، جِلد اور ناخنوں سے ظاہر ہونے لگے تو آپ کبھی دباوٴ کا شکار ہونا پسند نہیں کریں گی لیکن کچھ علامات ایسی ہیں، جو آپ کے ذہنی دباوٴ کو ظاہر کرسکتی ہیں“۔
کل کیا کرنا ہے، اس کی ٹینشن آج سے ہی شروع ہو جاتی ہے اور بعض اوقات کل کے متوقع حالات آج کی نیند اڑا دیتے ہیں۔
نیند نہ آنے کی وجہ سے آپ کی آنکھوں کے نیچے پانی جمع ہو جاتا ہے اور وہ پھولنے لگتی ہیں۔صبح آپ کی آنکھیں اور زیادہ خرابی ظاہر کر رہی ہوتی ہیں۔اگر آپ کو سیاہ حلقوں سے پاک خوبصورت آنکھیں چاہئیں تو ساری سوچوں کو بالائے طاق رکھ کر موبائل اسکرین اور دیگر الیکٹرونک ڈیوائس بند کر کے بھرپور نیند لینے کی تیاری کریں اور کیفین سے پا ک چائے جیسے کہ کیمومائل ٹی کا ایک کپ پئیں۔
اس سے آپ کو اچھی نیند آئے گی۔اگر پھر بھی صبح آپ کی آنکھیں سوجی ہوئی ہوں تو ایک ٹھنڈا ٹھار چمچ (جو فریج میں رکھا ہو) الٹا کر کے آنکھوں کے نیچے پھیریں۔اس کے بعد آنکھوں کے نیچے الٹی مثلث بنا کر کنسیلر لگائیں۔ایسا کرنے سے آپ کے ناک سے چمک شروع ہو کر آپ کی آنکھوں تک بڑھتی چلی جائے گی اور اس سوجن کو چھپا لے گی۔
اگر آپ ذہنی دباوٴ کا شکار ہیں تو ہو سکتا ہے کہ آپ زائد مقدار میں پانی نہ پی رہی ہوں، خصوصاً موسم سرما میں زیادہ پانی نہ پینے سے ڈی ہائیڈریشن اور آپ کی جِلد کاغذ جیسی خشک ہو سکتی ہے۔
اس کے سدباب کے لئے آپ بہت سارا پانی پئیں، کم سے کم آٹھ گلاس اور وہ بھی ہر روز۔جسم میں صحت بخش اینٹی آکسیڈنٹس میں اضافے کیلئے آپ کو گرین ٹی پینے اور ایسی غذائیں کھانے کی ضرورت ہے جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو، جیسے کہ کھیرے، ٹماٹر، چقندر، ہری سبزیاں وغیرہ۔بہت سارا پانی پینا اور متوازن غذا کھانا بھی اہمیت رکھتا ہے۔پھل، سبزیاں اور اعلیٰ معیار کا پروٹین بھی ان مسائل کے حل کے لئے لازمی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں