پشاور: وزیراعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے حالات غلط پالیسی کی وجہ سے خراب ہیں۔علی امین گنڈاپور نے اقراء نیشنل یونیورسٹی کے کانوکیشن سےخطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کیلئے 3 کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی پرائیویٹ سیکٹر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے
حکومت کبھی بھی عوام اور نجی شعبے کے تعاون کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، مسائل کے حل کیلئے مل کر کردار ادا کرنے پر پرائیویٹ سیکٹر کو سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ان پر انوسٹ کرنا چاہیے، ہمارے صوبے کے حالات غلط پالیسی کی وجہ سے خراب ہیں، صوبے میں قیام امن کیلئے فورسز اور عوام نے قربانیاں دی ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ طلباء کو والدین اور اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے، طلبہ کو سیکھتے رہنا ہے زندگی میں مقابلہ کرنا ہے، ہم نے ہار نہیں ماننی پریشان نہیں ہونا عزت اللہ کے ہاتھ میں ہے، مقابلہ کرنا سیکھیں، آپ کو کوئی بھی شکست نہیں دے سکتا، مجھے جھگڑا کرنے پر لاہور گورنمنٹ کالج سے نکالا گیا تھا، ایف آئی آر بھی ڈگری ہوتی ہیں، مجھ پر 256 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں ہمارے لوگوں نے اپنا لوہا منوایا ہے، جو انسان کسی اور کی کامیابی پر خوش ہوتا ہے وہ کامیاب ترین انسان ہے۔