اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مختلف معاشی شعبوں اور مارکیٹوں سے کارٹلائزیشن کے خاتمہ کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کمپٹیشن کمیشن کا دورہ کیا اور کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے درخواست کریں گے کہ سپریم کورٹ میں کمپٹیشن سے متعلق مقدمات پر خصوصی بنچ بنائیں، جن مقدمات میں حکومت کے ریونیو موجود ہوں ان پر سپریم کورٹ معاونت کرے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ٹیکس سے متعلق مقدمات میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مدد کی اسی طرح کمپٹیشن مقدمات میں بھی معاونت کریں گے، مقدمات کی پیروی کے لئے کمپٹیشن کمیشن ملک کے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کرے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کارٹلائزیشن کے خاتمہ کے لئے کمپٹیشن کمیشن کومکمل تعاون فراہم کرے گی،مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کے لئے جدید تکنیک اور ڈیٹا کا استعمال کریں، مارکیٹ ڈیٹا کا اینالسز اور مانیٹرنگ کر کے کارٹلز کو پکڑا جائے، کمپٹیشن کمیشن مارکیٹ میں گٹھ جوڑ کے خلاف جاری انکوائریوں کو جلد مکمل کرے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ کارٹلز کے خلاف حاصل کئے گئے ثبوتوں کی جلد فرانزک کے لئے ڈی جی ایف آئی اے سے بات کروں گا، تمام ریگولیٹری اور لاء انفورسمنٹ ادارے باہمی ہم آہنگی سے بہتر نتائج دے سکتے ہیں، مارکیٹوں میں شفافیت اور مقابلے کا ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت کمیشن کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپٹیشن کمیشن کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لئے آٹومیشن کی جائے، حکومتی ادارے کمپٹیشن کشنم کے مختلف شعبوں کی ریسرچ رپورٹوں سے استفادہ کریں ، پالیسی واضح ہے جو کاروبار نجی شعبے کے کرنے کے ہیں حکومت ان میں شامل نہیں ہو گی، کمپٹیشن کمیشن کی کارکردگی کافی بہتر ہے، لیکن کمیشن کو مزید فعال بنائیں۔