اپنی گرفتاری کا جعلی وارنٹ پوسٹ کرنے والا چینی شہری گرفتار

چین میں سوشل میڈیا پر اپنی گرفتاری کے جعلی وارنٹ پوسٹ کرنے والے شہری کو پولیس نے دھرلیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق 11 نومبر کو ایک شخص نے اپنی تصویر کے ساتھ ’وانٹڈ آرڈر‘ پوسٹ کیا۔ آرڈر میں اس نے خود کو وینگ ییبو (مشہور چینی اداکار اور ڈانسر) ظاہر کیا اور خود کو ایک مفرور بتایا۔
پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ وہ چن یوان نامی کاؤنٹی کا رہائشی ہے۔ اس نے ایک کمپنی سے 10 نومبر 2024 کو 3 کروڑ یوان بھتہ لیا ہے۔ اس کے پاس ایک سب مشین گن اور 500 گولیاں ہیں۔ اگر کسی نے اسے ڈھونڈ لیا تو اس کو 30 ہزار یوان انعام دیا جائے گا۔
جعلی وارنٹ کی یہ پوسٹ وائرل ہوگئی اور ایک دن سے کم عرصے میں 3 لاکھ 50 ہزار ویوز، 2500 لائیکس، 80 کمنٹس اور 1155 شیئرز حاصل کر لیے۔
تاہم، یہ پوسٹ صرف انٹرنیٹ صارفین کی نظروں سے ہی نہیں گزری بلکہ چن یوان کی مقامی پولیس نے پوسٹ پڑھ کر 12 نومبر کو تحقیقات شروع کیں اور وینگ کو گرفتار کر لیا۔
تلاشی اور تفتیش کے بعد پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ وینگ کے پاس نا تو کوئی اسلحہ ہے نا ہی اس نے کسی کمپنی سے بھتہ لیا ہے۔ البتہ، اس نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے پوری کہانی بوریت دور کرنے کے لیے گھڑی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں