اسلام آباد:وزیراعظم نے ملک شام کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر دفتر خارجہ کو پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت شام کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے شام سے وطن واپسی کے خواہاں پاکستانیوں کے بذریعہ ہمسایہ ممالک سے جلد از جلد محفوظ انخلاء کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ شام میں مقیم پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے لیے اقدامات کیے جائیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارت خانے کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے تک دفتر خارجہ کرائسز مینجمنٹ یونٹ اور شام اور اس کے ہمسایہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں معلوماتی ڈیسک 24 گھنٹے فعال رکھی جائیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔