پاک چین دوستی فولاد کی طرح مضبوط اور آزمودہ ہے: مریم نواز

بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی فولاد کی طرح مضبوط اور آزمودہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بیجنگ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی، مریم نواز نے پرتپاک خیر مقدم کرنے پر منسٹر لیو جیان چاؤ کا شکریہ ادا کیا اور کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چینی لیڈرشپ نے چین کو عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے میں رہنمائی فراہم کی، پاک چین تعلقات کے فروغ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین کمیونٹی کی تشکیل میں عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے رابطے اہم کردار ادا کررہے ہیں، پاک چین دوستی علاقائی اور بین الاقومی سیاست کے نشیب وفراز سے متاثر نہ ہونے والا پائیدار تعلق ہے، دوطرفہ سٹریٹجک پارٹنر شپ ہر موسم کے گرم وسرد سے بالا تر ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوکل گورننس اور دیہی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، یوتھ ایمپاورمنٹ اور استعداد میں اضافے کیلئے چین کے تعاون کو سراہیں گے، ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کے سلسلے میں چین سے بھرپور تعاون چاہتے ہیں، بڑھتے ہوئے عوامی روابط اور ثقافتی تعلقات شاہراہ ریشم کا ورثہ اور میراث ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین اور پنجاب کے ثقافتی روابط کیلئے پائیدار اقدامات کریں گے، پاک چین تعلقات کی میراث کو پروان چڑھانے کیلئے نوجوان نسل پر توجہ دینا ہو گی۔
کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چاؤ نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی آمد پر شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شاندار میزبانی پر منسٹر لیو جیان چاؤسے اظہار تشکر کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں