جس تھالی میں کھانا اسی میں چھید کرنا عمران خان کا وطیرہ ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جس تھالی میں کھانا اسی میں چھید کرنا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وطیرہ ہے۔اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نوازشریف اور مریم نواز کے بغض میں یہاں پہنچے ہیں، ان کا وطیرہ ہے جس تھالی میں کھانا اسی میں چھید کرنا، مریم نواز پر کوئی کرپشن کا کیس نہیں تھا، مریم نواز کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہیں پھر بھی ان کو کوچ اور اس کے چیلے نے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی قیمتی نکلس چوری کرنے اور 190 ملین پاؤنڈ کے ڈاکے میں ملوث ہیں، بشریٰ بی بی نے ابھی پنجاب میں کی گئی لوٹ مار کا حساب دینا ہے، پانچ سال نوازشریف اور مریم نواز سے رسیدیں مانگنے والے کے پاس اپنی رسیدیں نہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کے تحائف فروخت کرنے کی جعلی رسیدوں کا بھی کیس زیرالتواء ہے، کرپشن کرپشن کا راگ الاپنے والے کا اپنا پورا ٹبر چوری اور ڈاکوں میں ملوث نکلا۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چیلہ اتنا بڑا بدبخت ہے اس نے برا وقت دیکھتے ہی کوچ سے بھی اظہار لاتعلقی کر دیا، مرشد مزے میں ہے کوچ اور چیلہ کٹہرے میں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں