اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو لشکر کشی چھوڑ کر پارلیمنٹ آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان اب اسمبلی میں آکر اپنے تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہاں دونوں طرف سے غلیلیں چلتی ہیں، یہاں دلیل سے بات ہوتی ہے، اپوزیشن کو تنقید کرنے اور ہمیں جواب دینے کا حق ہے، تنقید ہونی چاہیے لیکن ہر بات پر نہیں، جو چیزیں ٹھیک ہو رہی ہیں اس کی تعریف بھی کیا کریں۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم ہوگئی، انٹرسٹ ریٹ مزید نیچے آئے گا، پراپرٹی اور ریئل اسٹیٹ میں بہت سرمایہ کاری کی جا رہی تھی، اصلاحات کے بعد لوگوں نے سٹاک مارکیٹس کا رخ کیا جس کے بعد مارکیٹ مسلسل اوپر جا رہی ہے۔