عوام کا ملک کی درست سمت پر یقین 19 فیصد تک پہنچ گیا

اسلام آباد:ملک کی اقتصادی صورتحال کے بارے میں اپسوس نے سروے رپورٹ جاری کردی۔ اپسوس نے کہا ہے کہ عوام کا ملک کی درست سمت پر یقین 19 فیصد تک پہنچ گیا جو 36 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے جب کہ 16 پوائنٹس کمی کے ساتھ مہنگائی 3.5 سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔
اپسوس سروے نے کہا ہے کہ معیشت کو ’’مضبوط‘‘ قرار دینے والوں کی تعداد چار گنا بڑھ گئی جبکہ ’’کمزور‘‘ کہنے والوں کی تعداد 9 پوائنٹس کم ہوگئی، گھریلو خریداری کے حوالے سے اطمینان میں رواں سہ ماہی میں 6 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، 21 فیصد لوگ توقع رکھتے ہیں کہ اگلے چھ ماہ میں مقامی معیشت مضبوط ہوجائیگی۔
اپسوس سروے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کے لیے بچت کے حوالے سے اعتماد دوبارہ بڑھ رہا ہے، ملازمت کے تحفظ پر اعتماد 3 سال کی بلند ترین سطح پر آگیا ہے، پاکستان نے گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس میں ترکی کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ بھارت، چین، اور برازیل کی درجہ بندی نیچے آگئی۔
اپسوس سروے میں کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار پاکستان کے عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور معیشت کی مضبوطی کی عکاسی کرتے ہیں، جو حکومت کو ان کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں