اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پاسپورٹ واپس دلانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، وکیل عمران شفیق، منور اقبال دوگل اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا میرا ویزا لگا ہوا ہے لیکن پاسپورٹ واپس نہیں دے رہے، جس پر عدالت نے کہا وزارت خارجہ کو ہدایت کرتے ہیں وہ آپ کو پاسپورٹ واپس دلائیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پاسپورٹ واپس دلانے کا حکم دیا۔عدالت نے سیکرٹری وزارت خارجہ کو فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزا کی فراہمی یقینی بنوانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کر لی اور کیس کی سماعت اگلے جمعے تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکا جانے والے وفد کے اخراجات کی منظوری دی تھی۔