ملک بھر میں طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے ، اداکارہ سائرہ یوسف

اداکارہ سائرہ یوسف نے دوسری شادی سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے لیکن دوسری جانب طلاق یافتہ خواتین پر جلد ہی دوسری شادی کرنے کا دباؤ بھی کم ہو رہا ہے۔
پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ بہت سارے مرد خود مختار یا مالی طور پر مستحکم خواتین کو دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں، انہیں ایسا لگنے لگتا ہے کہ اب مذکورہ خاتون کو ان کی ضرورت ہی نہیں۔ان کے مطابق مرد حضرات کا خیال ہوتا ہے کہ وہ ہمیشہ سے ہی خواتین کی ضرورت رہیں گے لیکن جب ان کا یہی خیال کمزور ہونے لگتا ہے تو وہ مالی طور پر مضبوط خواتین سے پریشان ہونے لگتے ہیں، خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔

سائرہ یوسف کا کہنا تھا کہ خواتین کا مالی طور پر مستحکم ہونا سب سے اہم بات ہے، اگر وہ مالی طور پر مضبوط ہوں گی تو وہ شادی سمیت اپنی زندگی کے تمام فیصلے بہتر انداز میں کر سکیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین پیسوں کو ذہن میں رکھے بغیر کسی شخص سے شادی کرتی ہیں تو شریک حیات کو اپنے مددگار کے طور پر نہیں بلکہ ساتھی کے طور پر منتخب کرتی ہیں اور اسی وجہ سے ان کا فیصلہ بہتر ہوتا ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ معاشی طور پر کمزور خواتین کو مجبوری میں اپنے بچوں کو چھوڑ کر معاشی بہتری کے لیے شادی کرنی پڑتی ہے جو کہ انتہائی تکلیف دہ بات ہوتی ہے۔دوبارہ شادی کے سوال پر سائرہ یوسف نے کہا کہ سماج میں اب بھی خواتین کی طلاق کے بعد ان پر دوسری شادی کرنے کا دباؤ رہتا ہے اور ہر کوئی طلاق یافتہ خواتین کو مبہم انداز میں عورت کی زندگی میں مرد کی اہمیت بتاتا رہتا ہے لیکن اس باوجود کچھ بہتری آئی ہے۔

ان کے مطابق اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عورت کی زندگی میں مرد کی اہمیت بہت اہم ہے اور اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا لیکن اب سماج کو بھی یہ بات سمجھ میں آنے لگی ہے کہ اگر کوئی خود مختار خاتون ایک شادی کی ناکامی کے بعد دوسری شادی نہیں کرنا چاہتی تو اس کی اپنی مرضی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں