اسلاآباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک مرتبہ پھر مذاکرات کو ہی مسائل کا حل قرار دیدیا۔اسلام آباد میں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ کم بولنا اور درگزر کرنا سپیکرز کیلئے لازم ہے، کسی ممبر کیساتھ بات کو الجھاؤ میں مت لے کر جائیں، سپیکر اور جج بہت ذمہ داری کا کام ہے، اس کی پکڑ بھی بہت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر اتنے راز ہیں اگر کہیں کہہ دوں تو بعض ممبران کو آئندہ ٹکٹ تک نہ ملے مگر یہ راز ہمارے سینے میں دفن ہیں، ہم پر ذمہ داری زیادہ ہے، ایم این ایز کیساتھ سابق ممبران کیلئے بھی ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہئیں۔
ایازصادق کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مستحکم بنانا ہے ، ہمیں ماحول کو بہتر، ٹھنڈا رکھنا اور راستہ بنانا ہے، ہمیں مل جل کر تلخیوں کو کم کرنا ہوگا، مذاکرات، مذاکرات اور مذاکرات ہی مسائل کا حل ہے، مذاکرات کے حل سے ہی جمہوریت آگے بڑھے گی اور مستحکم ہوگی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ مسائل ہمیشہ بیٹھ کر اور مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں، ضروری نہیں ہے کہ ہر مسئلہ حل ہو جائے یا ہر شرط مانی جائے ، ہمیں ایک دوسرے کو عزت دینی ہے، اسی طرح ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔