50 فیصد کرپشن ختم ہو جائے تو آئی ایم ایف کی ضرورت ہی نہ پڑے: خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ اگر ملک سے 50 فیصد کرپشن ختم ہو جائے تو ہمیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس جانے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا صنعتی برادری کے تمام مسائل سے آگاہ ہوں، ملک اس وقت برے دور سے گزر رہا ہے، آئی ایم ایف کا پریشر ہے لیکن ایک روشنی نظر آنا شروع ہو گئی ہے، سارے اندیکیٹرز مثبت آ رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا ہم آہستہ آہستہ مایوسی کے دور سے نکل چکے ہیں لیکن اب بھی بہت سی رکاوٹیں عبور کرنی ہیں، کچھ ایسے فیصلے ہیں جو ہم اپنی مجبوریوں کی وجہ سے نہیں لے پاتے، معاشی مجبوریاں بعض اوقات تکلیف دہ ہوتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ مثالی ہے، ہمارے دوسرے انڈیکیٹرز بھی مثبت آرہے ہیں، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، اس وقت پاکستان کو مختلف چیلینجز کا سامنا ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ مسائل حل ہوتے جائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا نان کسٹم گاڑیوں کی بہت بڑی اسمگلنگ ہے، حلال اور حرام کی تمیز ختم ہو گئی ہے، پرویز الہی نے بتایا ایک بیوروکریٹ نے بچیوں کی شادی میں 4 ارب روپے سلامی کمائی، ایک کسٹم کلیکٹر کروڑوں روپے کی کرپشن کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دور میں ملک میں بہت بڑی کرپشن ہوئی، اگر 50 فیصد کرپشن ختم ہو جائے تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہ پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں