اداکارہ عائزہ خان نے تعلیم حاصل کرنے کے لیے لندن میں داخلہ لے لیا

مقبول اداکارہ عائزہ خان نے شوبز کیریئر میں ڈیڑھ دہائی سے زائد عرصے تک کام کرنے کے بعد برطانوی دارالحکومت لندن میں اداکاری کی تعلیم کے لیے داخلہ لے لیا۔عائزہ خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں لندن کے ’رائل اکیڈمی آف ڈراماٹک آرٹس‘ سے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے اداکاری کی تعلیم کے لیے داخلہ لے لیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ شروع سے ہی اداکاری کی تعلیم لینا چاہتی تھیں لیکن ایسا ممکن نہیں ہوسکا تھا اور اب موقع ملنے پر وہ اپنا دیرینہ خواب پورا کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محض 17 برس کی عمر میں اداکاری شروع کی تھی، جس وجہ سے انہیں اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہیں پایا تھا جب کہ دوسری بھی متعدد وجوہات تھیں۔عائزہ خان کے مطابق وہ بچپن سے ہی تھیٹر کی تعلیم لینا چاہتی تھیں مگر اداکاری سمیت خاندان اور دوسری ذمہ داریوں میں مصروف رہنے کی وجہ سے وہ پڑھ نہیں پا رہی تھیں مگر اب جب انہیں موقع ملا تو انہوں نے تھیٹر کی تعلیم کے لیے لندن میں داخلہ لے لیا۔

انہوں نے لکھا کہ وہ ادھیڑ عمری میں دوبارہ تعلیمی ادارے میں جانے سے خود کو پہلے کی طرح کم عمر سمجھ رہی ہیں اور انہیں اپنا بچپن یاد آگیا جب ان کے والدین ان کی تعلیم کے لیے کوشاں رہتے تھے۔اداکارہ نے لکھا کہ والد انہیں سکول چھوڑنے اور سکول سے لینے کے وقت فخر محسوس کرتے تھے اور اب بھی وہ ان پر فخر کرتے ہوں گے اور وہ والدین کی مدد اور معاونت کی وجہ سے ہی آج دوبارہ پڑھنے کے قابل ہو رہی ہیں۔انہوں نے لکھا کہ ان کی والدہ نے یہ یقینی بنایا کہ ان کے بچے ماں کی کمی محسوس نہ کریں اور ان کی والدہ نے ان کے بچوں کی اچھی دیکھ بھال کی، تبھی وہ اداکاری سمیت دیگر کام آرام سے سر انجام دے پاتی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں