شہد اور دار چینی کے استعمال سے موٹاپا اور گلے کی خرابی دور

موٹاپے سے آج کل بہت لوگ پریشان نظر آتے ہیں۔شہد اور دار چینی کے ذریعے وزن باآسانی کم کیا جا سکتا ہے۔ایک گلاس اُبلے ہوئے پانی میں ایک چٹکی دار چینی پاؤڈر۔اس میں ایک چھوٹا چمچ شہد ملا کر روزانہ صبح خالی پیٹ پینا وزن کم کرنے میں مفید ہے۔اس کے آدھے گھنٹے بعد ناشتہ کیا جا سکتا ہے۔شہد ایک ایسے جراثیم کش محلول کا کام بھی کرتا ہے جو گلے کی تکلیف میں فائدہ پہنچا سکتا ہے۔
آدھا کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ چھلی ہوئی ادرک، ایک یا دو لیموں کا رس اور ایک چائے کا چمچ شہد مکس کر کے غرارے کرنا گلے کی تکلیف میں کمی لا سکتا ہے۔شہد اور دار چینی کے امتزاج سے کئی امراض کا علاج کیا جا سکتا ہے۔ماہرین صحت کے مطابق شہد کئی امراض میں مفید ہے۔دار چینی جسم میں جراثیم یا فنگس بڑھنے سے روکتا ہے۔
اس مرکب کے فوائد مندرجہ ذیل ہیں۔
سردی اور کھانسی
ایک بڑا چمچ شہد کنکنا گرم کر کے اس میں ایک چوتھائی چمچ دار چینی پاؤڈر ملا لیں۔اس مرکب کا استعمال کھانسی اور سانس کی تکلیف میں مفید ہے۔
بال جھڑنے کے لئے
بال جھڑنے یا گنج پن میں گرم زیتون کے تیل میں ایک چھوٹا چمچ شہد اور ایک چھوٹا چمچ دار چینی ملا کر استعمال کرنا مفید ہے۔
نہانے سے پہلے سر پر یہ مکسچر لگایا جائے۔اسے پندرہ منٹ لگا رہنے دیں۔اس کے بعد کسی اچھے شیمپو سے بال دھو لیں۔
کولیسٹرول کم رہتا ہے
بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریضوں کے لئے شہد اور دار چینی مفید ہیں۔ان بیماریوں میں مبتلا افراد کو مستقل اپنی غذا کا خیال رکھنا چاہیے۔ایک چھوٹا چمچ دار چینی پاؤڈر کو ایک چھوٹے چمچ شہد میں ملا دیں۔
اس مرکب کو ایک کپ پانی یا ایک گلاس پانی میں ڈال کر پی لیں۔یہ کولیسٹرول لیول کم کرنے میں مفید مانا جاتا ہے۔
کیڑا کاٹ لے تو
شہد اور دار چینی میں جراثیم مارنے کی خصوصیات ہیں۔شہد اور دار چینی پاؤڈر کو کنکنے گرم پانی میں ملائیں اور ایک پیسٹ بنا لیں۔اسے جسم کے اس حصے پر لگا لیں جہاں کیڑے نے کاٹا ہو۔
تیزابیت میں مفید
ہاضمے کی خرابی، معدے کی جلن اور تیزابیت میں شہد اور دار چینی مفید ہیں۔
ہر کھانے سے قبل شہد اور دار چینی کا پاؤڈر مکس کر کے استعمال کرنے سے پیٹ میں جلن یا بدہضمی میں آرام ملتا ہے۔
کیل مہاسے ختم کرنے کے لئے
دار چینی اور شہد کا گاڑھا سا پیسٹ بنا لیں۔اسے دانوں اور کیل مہاسوں پر لگا کر 15 منٹوں کے لئے لگا رہنے دیں پھر ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔اس عمل کو ہفتے میں دو تین بار کرنے سے کیل مہاسوں سے کافی حد تک محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
شفاف جلد
شہد ایک اچھا اینٹی آکسائیڈنٹ ہے۔اسے پینا معمول بنا لینا جسم سے کئی زہریلے اجزاء کے اخراج میں مدد دیتا ہے۔شہد کی جراثیم کش خصوصیات جلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مفید ہیں۔
صحت مند دل
طبی تحقیقی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ شہد میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس شریانوں کو سکڑنے سے محفوظ رکھتے ہیں۔
شریانوں کا سکڑنا حرکت قلب متاثر ہونے، یادداشت خراب ہونے یا سر درد کا باعث بنتا ہے۔روزانہ ایک گلاس پانی کے ساتھ 2 سے تین چمچ شہد کا استعمال کئی مسائل سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
بہتر یادداشت
طبی ماہرین نے شہد کو ذہنی تناؤ میں مفید پایا ہے۔شہد یادداشت بہتر بنانے میں بھی مفید ہے۔شہد میں موجود کیلشیم دماغ میں آسانی سے جذب ہو جاتا ہے جو کہ دماغی افعال پر فائدہ مند اثرات مرتب کرتا ہے۔
معدے کے لئے فائدہ مند
جراثیم کش ہونے کی وجہ سے خالی پیٹ ایک چمچ شہد پینا نظام ہضم سے جڑے متعدد امراض سے تحفظ دیتا ہے۔شہد مضر جراثیموں کو ختم کر کے جسم کے اندر کئی چھوٹے زخموں کو بھی بھر دیتا ہے۔
سر کی خشکی دور
شہد سے بال دھونا سر کی خشکی میں مفید ہے۔اس کے استعمال سے سر کی نمی بحال ہوتی ہے۔
سر کی خشکی سے نجات کے لئے شہد کو نیم گرم پانی میں مکس کر کے سر پر اس کی دو سے تین منٹ تک مالش کی جائے۔
مدافعتی نظام مضبوط
شہد میں پولی فائنولز کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔اس کی وجہ سے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔روزانہ شہد استعمال کرنے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔اس طرح بیماریوں سے باآسانی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
اینٹی بیکٹیریل
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہد میں اینٹی بیکٹیریا کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔اسے پینے سے معدے میں موجود نقصان پہنچانے والے بیکٹیریا ختم ہوتے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں