پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کا بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں شامل کیے گئے بابر اعظم نے سیریز کے دوران 2 بڑے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں۔
کیپ ٹاؤن میچ کے دوران قومی ٹیم کے سابق کپتان نے 1 سال اور 46 دن (یعنی 411 دن) بعد پہلی نصف سنچری اسکور کی، جبکہ مجموعی طور پر 21 اننگز کے بعد انہوں نے نصف سنچری بنائی ہے۔
اس دوران بابر اعظم نے انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے خلاف 5 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آخری بار بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی تھی، وہ اُس میچ میں 66 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے 95 گیندوں پر 73 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے 7 بار گیند کو باؤنڈری لائن کا راستہ دکھایا۔
اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے مہندر سنگھ دھونی کا ریکارڈ بھی بریک کردیا، جو انہوں نے SENA ممالک (جنوبی افریقا، انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا) کی بڑی ٹیموں کے خلاف بنایا تھا۔
سابق بھارتی کپتان نے ان چار ممالک کے خلاف تمام فارمیٹ کی کرکٹ میں 38 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ بابر اعظم نے 39 نصف سنچریوں کے ساتھ یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل بابر اعظم نے دوسرے ٹی20 میچ میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کے کیریئر کے دوران تیز ترین 11 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، انہوں نے یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار بیٹر کرس گیل سے چھینا۔