چاول کا پیسٹ چہرے اور بالوں کی خوبصورتی کے لئے مفید قرار

چاول کے پیسٹ اور پانی کے استعمال کا ٹوٹکا چہرے اور بالوں کی خوبصورتی و نشو و نما کے لئے ایک آزمودہ نسخہ مانا جاتا ہے۔صدیوں سے ایشیائی ممالک میں جلد اور بالوں کی حفاظت کے لئے خواتین ان روایتی طریقوں کو استعمال کرتی رہی ہیں۔چاولوں کا استعمال صدیوں سے خوبصورتی بڑھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔اب تو بیوٹی کاسمیٹکس پراڈکٹس بنانے والی کمپنیز بھی چاولوں کی افادیت جان گئی ہیں، اسی لئے ان کی جانب سے شیمپو اور کریموں میں چاولوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔
اگر ہم جنوبی کوریائی کے لوگوں کو دیکھیں تو ہمیں یہ نظر آتا ہے کہ چاول خوبصورتی میں اضافہ کے لئے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ان کے فیس واش اور ٹونر سے لے کر موئسچرائزر اور سیریم تک تیار ہو رہے ہیں۔
جنوبی کوریا میں چاول کے پانی کو جلد کے لئے ایک قدرتی علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ جلد کو نرم، ہموار اور تر و تازہ رکھتا ہے۔
اسی طرح، چین میں لوگ اُبلے ہوئے چاول کا پانی اپنے بالوں پر لگاتے ہیں تاکہ ان کے بال تیزی سے اُگیں اور مضبوط ہوں۔
چاول کو بھگو کر اس کا پیسٹ بنائیں اور اسے اپنے جسم اور بالوں پر لگائیں، چاہے آپ کو دانے ہوں یا بالوں کے مسائل، یہ فائدہ مند ثابت ہو گا۔اگرچہ اس بات کو ثابت کرنے کے لئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ چاول واقعی جلد اور بالوں کو صحت مند بناتا ہے۔
”انٹرنیشنل جرنل آف مالیکیولر سائنسز“ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاول کے بھنے ہوئے تیل میں اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات ہوتی ہیں جو جلد کو آکسیڈیٹو سٹریس سے بچا سکتی ہیں اور عمر رسیدگی کے آثار کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔اسی طرح سے 2024ء میں نیشنل لائبریری آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق چاولوں میں اینٹی ایجنگ، اینٹی آکسیڈیشن، موئسچرائزنگ، جلد کی مرمت کرنے اور رنگت کو سفید اور شفاف کرنے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
متاثرہ جلد کی بحالی کے لئے رائس ٹونر بہت مفید ہوتا ہے، یہ ٹونر کھلے مسام بند کر کے جلد کو تر و تازہ و شاداب بناتا ہے۔رائس ٹونر بنانے کے لئے ایک کپ چاولوں کو دھو لیں، اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ایک گھنٹہ یا پوری رات کے لئے ڈھانپ کر رکھ دیں، پانی سے چاول چھاننے کے بعد اسے ایک ہفتے کے لئے فریج میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔روزانہ چہرہ دھونے کے بعد ان چاولوں کے پانی سے روئی کی مدد سے اپنا چہرہ صاف کریں یا اسپرے بوتل کی مدد سے چہرے پر اسپرے کر لیں۔
اس سے آپ کی اسکن چمکدار اور نکھر جائے گی، کھلے مسام بند ہو جائیں گے اور جلد نرم و ملائم محسوس ہو گی۔بہترین نتائج کے لئے رائس ٹونر سے اسکن صاف کرنے کے بعد تولیہ یا سوتی کپڑا نیم گرم پانی میں بھگو کر اپنے چہرے پر چند منٹوں کے لئے رکھ لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں