روشن خان قومی اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز

روشن خان قومی اسکواش ٹیم چیمپئن شپ اتوار سے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں شروع ہوگی۔

26 دسمبر تک کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں ملک کے ٹاپ مرد اور خواتین کھلاڑی اپنے صوبوں اور محکمہ جاتی ٹیموں کی نمائندگی کریں گی۔

چیمپئین شپ کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفننگ میں آرگنائزنگ کمیٹی کے چئیرمین سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے بتایا کہ ایونٹ سے نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔

اس موقع پر زبیر ماچا، شیراز سلیم، طارق خانزادہ، آصف عظیم اور ٹورنامنٹ ریفری نوید عالم بھی موجود تھے۔

جہانگیر خان کے والد سابق برٹش اوپن چیمپئن روشن خان کے نام سے منسوب چیمپئین شپ کے 9 ٹیموں کے مینز ایونٹ میں ایس این جی پی ایل ٹاپ سیڈ اور پاکستان واپڈا سیکنڈ سیڈ ہوگی۔

پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیرفورس، پاکستان ریلویز، سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی ٹیمیں بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔

ویمن ٹیم ایونٹ میں پاکستان واپڈا کو ٹاپ سیڈ اور سندھ کو سیکنڈ سیڈ قرار دیا گیا ہے، پاکستان آرمی، پنجاب اور بلوچستان بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔

جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ سے نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں گے، رواں سال ہم نے اسکواش کے 14 ایونٹس منعقد کرائے ہیں، طویل عرصے کی جدوجہد کے بعد اسکواش کا کھیل 2028 لاس اینجلس اولمپک میں شامل ہوا ہے ہمیں آج سے ہی اس کیلئے تیاریاں شروع کرنا ہوں گی۔

جہانگیر خان نے اسکواش کی مسلسل سرپرتی پر کومبیکس اسپورٹس کے سی ای او عمر سعید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اسپانسرز کے بغیر کھیلوں کی ترقی ممکن نہیں ہے دیگر پرائیوٹ ادارے بھی اس کھیل اور کھلاڑیوں کیلئے آگے آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں