اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں بلاجواز ہیں، پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاعی نظام جارحیت کیلئے نہیں، دفاع کیلئے ہے، پاکستان اپنے دفاع کیلئے مضبوط اقدامات کرتا رہے گا، نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر پابندی کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کیخلاف مذموم سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے مربوط جواب دیا ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا ہے، جو انہیں اپنے دلوں سے زیادہ عزیز ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پوری قوم اس پروگرام پر یکسو ہے اور پوری طرح متحد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیکر کی تجویز پر میں نے مشاورت سے کمیٹی بنائی اور کل ہماری پی ٹی آئی سے پہلی ملاقات بھی ہوگئی ہے، یقین ہے دونوں مذاکراتی کمیٹیاں ایسا حل نکالیں گی جو پاکستان کے بہتر مفاد میں ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد یہی ہے کہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کریں، قومی مفاد کو سامنے رکھ کر گفتگو ہوگی تو یکجہتی کو فروغ ملے گا، کسی کی نیت پر شک نہیں، امید ہے دونوں پارٹیاں ملکی مفاد میں بہترین فیصلے کریں گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چند ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاک فوج کے جوان وطن کے دفاع کیلئے جانیں دے رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ کئے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم قومی امور، ملک کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وفاقی کابینہ نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی عمل کے آغاز کا خیر مقدم کیا، اجلاس مین کابینہ ارکان کو اپوزیشن سے مذاکراتی عمل کے پہلے راونڈ پر اعتماد میں لیا گیا ۔
کابینہ ارکان نے اپوزیشن سے مذاکرات کےلیے کمیٹی کی تشکیل پر وزیراعظم سے اظہارِ تشکر کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نیک نیتی سے مذاکرات کےلیے کمیٹی تشکیل دی، ہمیں بات چیت اور مکالمے سے آگے بڑھنا ہو گا۔
وفاقی کابینہ نے ملک کو ٹریک پر لانے کے لئے اپوزیشن کا مثبت کردار ناگزیر قرار دیا، وزیراعظم اور کابینہ ارکان ملکی مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے لئے پرامید ہیں، وفاقی کابینہ نے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ قومی سلامتی کو ہر حال میں ملحوظ خاطر رکھنے پر زور دیا۔کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے،اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔