ایف بی آر کیلئے گاڑیوں کی خریداری فوری روکی جائے، چیئرمین سینیٹ کمیٹی کا وزیرخزانہ کو خط

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ایف بی آر افسران کے لیے گاڑیوں کی خریداری روکنےکے لیے خط لکھ دیا۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وزیر خزانہ کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ایف بی آر کی طرف سے 1010 گاڑیاں خریدنے پر سینیٹ کمیٹی کو تحفظات ہیں،کمیٹی ممبران نےگاڑیوں کی خریداری میں اوپن بڈنگ نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے خط میں کہا کہ گاڑیوں کی خریداری کے عمل کو مس مینجمنٹ اور ممکنہ بدنیتی سمجھاگیا، گاڑیوں کی خریداری کے عمل میں شفافیت پر سمجھوتا کیا گیا، خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانا بنیادی اصول ہے۔
چیئرمین خزانہ کمیٹی نے خط میں کہا کہ گاڑیوں کی خریداری کے بڈنگ پراسس میں باقی کمپنیوں کو شمولیت ملنی چاہیے، اس پروکیورمنٹ پراسس کو فوری روکنے کے لیے وزیرخزانہ کردار اداکریں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ اے جی پی آر کو جاری پرچیز آڈر کینسل کر دیاجائے اور گاڑیوں کی خریداری کے لیے رقم کی ادائیگی نہ کی جائے، وزارت خزانہ ایف بی آر کیلئے گاڑیوں کی خریداری روکنےکے لیے ہدایات دے، مالیاتی صورتحال اور شفافیت کو برقرار نہ رکھنا بددیانتی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں