کیا آپ اچھے مستقبل کے لیے بیرون ملک منتقل ہونا چاہتے ہیں تو سوال یہ ہے کہ کونسی جگہ بہترین ثابت ہوگی؟اگر آپ ملک سے باہر منتقل ہونا چاہتے ہیں تو مغربی یورپ کا رخ کرنا بہتر ہوگا۔Mercer نامی ادارے کی کوالٹی آف لیونگ رپورٹ میں تارکین وطن کے لیے بہترین شہروں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔اس فہرست میں سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ کو تارکین وطن کے لیے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا۔اس کے بعد آسٹریا کا شہر ویانا دوسرے جبکہ سوئس شہر جنیوا تیسرے نمبر پر رہا۔اس فہرست کے لیے دنیا بھر کے 450 سے زائد شہروں میں طرز زندگی کے حالات کا تجزیہ کیا گیا اور سیاسی و سماجی ماحول، صحت، تعلیم اور ہاؤسنگ سمیت 39 عناصر کو مدنظر رکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق زیورخ کی بہترین پبلک سروسز، جرائم کی کم شرح، ثقافت اور استحکام کے لیے عزم اسے تارکین وطن کے لیے بہترین شہر بناتا ہے، مگر وہاں طرز زندگی کے اخراجات کافی زیادہ ہیں۔
ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن کو اس حوالے سے چوتھے نمبر پر رکھا گیا ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کا شہر آک لینڈ رہا۔نیدرلینڈز کا شہر ایمسٹرڈیم چھٹے، جرمن شہر فرینکفرٹ 7 ویں، کینیڈا کا شہر وینکوور 8 ویں، سوئس شہر برن اور باسل بالترتیب 9 اور 10 ویں نمبر پر رہے۔تارکین وطن کے لیے ایشیا کا بہترین شہر سنگاپور کو قرار دیا گیا جو اس فہرست میں 30 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ مشرق وسطیٰ میں دبئی سرفہرست رہا۔پاکستان کے 3 شہر اسلام آباد، کراچی اور لاہور بھی اس فہرست میں شامل ہیں جو بالترتیب 204، 218 اور 220 ویں نمبر پر رہے۔
سوڈان کے شہر خرطوم کو تارکین وطن کے لیے دنیا کا بدترین شہر قرار دیا گیا جو 241 ویں نمبر پر رہا۔اس کے بعد عراقی شہر بغداد (240)، وسطی افریقی جمہوریہ کا شہر بنگوئی (239)، یمن کا شہر صنعا (238) اور ہیٹی کا شہر پورٹ او پرنس (237) اس حوالے سے بدترین شہر قرار پائے۔