دہی سے صفائی کے انوکھے طریقے

بنتِ مریم:

دہی کا استعمال گھروں میں کھانے کی مزیدار ترکیبیں جیسے کڑھی، رائتہ، ،لسی یا سالن وغیرہ بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دہی کو جلد کی صفائی اور دیگر گھریلو علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کھانے اور خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ہم روزمرہ کی صفائی کے لیے بھی دہی کا استعمال کر سکتے ہیں۔ جی ہاں، آپ نے صحیح سنا، کیونکہ دہی میں لیکٹک ایسڈ ہوتا ہے، اس لیے اسے صفائی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ ہم دہی کن چیزوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
فرش کی صفائی
اگرچہ اب فرش پر ٹائلز لگانے کا رواج ہے مگرآج بھی بہت سے گھروں میں ٹائلوں کے بجائے سیمنٹ کے فرش ہیں۔ اکثر دیہاتوں اور چھوٹے شہروں میں آپ کو صرف سیمنٹ کے فرش نظر آئیں گے۔ مٹی اور نمی کی وجہ سے فرش گندا ہو جاتا ہے۔ ایسی صورت میں آپ اسے دہی یا چھاچھ سے صاف کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، بس فرش پر دہی یا چھاچھ چھڑک کر 5 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں پانی سے دھو لیں یا گیلے کپڑے سے پونچھا لگا لیں ۔

سنک ڈرینج کھولنا
1کپ سادہ دہی نالی میں ڈالیں اور رات بھر ایسے ہی چھوڑ دیں۔ صبح اُبلتے ہوئے پانی کی کیتلی ڈالیں۔ دہی کے انزائمز بندش پیدا کرنے والے چکنےکیچڑ کو تحلیل کر دیں گے۔

تانبے اورپیتل کے برتنوں کی صفائی
دہی کے ساتھ، آپ پیتل کے پرانے برتن یا ڈیکوریشن پیسزکو پالش کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے کرنا بس اتنا ہے کہ ایک پیالے میں دہی لیں ،اب دہی کو ہاتھ کی مدد سے برتن پر رگڑنا ہے۔ جب برتن صاف اور چمکدار ہو جائے تو آپ اسے ڈش ڈٹرجنٹ سے صاف کریں اور پانی سے دھو لیں۔ آپ کے برتن یا ڈیکوریشن پیسز نئے کی طرح چمکنے لگیں گے۔

کچن کیبنٹ کی صفائی
تیل، مصالحے اور بھاپ کی وجہ سے کچن کیبنٹ چکنی اور چپچپی ہو جاتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں آپ روزانہ صفائی کرتے وقت دہی میں ڈٹرجنٹ شامل کرکے گندی چپچپی جگہوں کو صاف کرسکتے ہیں۔

ہاتھی دانت یا فیروزے کی جیولری کی صفائی
آپ کا فیروزے کا زیور اپنی چمک کھو چکا ہے، لیکن آپ اسے صاف کرنے کے لیے سخت کیمیکل استعمال نہیں کرنا چاہتے توایک کھانے کا چمچ دہی کو فیروزہ پتھر پر ہلکے سے رگڑیں، پھر نرم کپڑے سے صاف کریں۔ پتھر دہی کے دودھ کے پروٹین کو جذب کر لیں گے، جس کے نتیجے میں چمک نکلے گی۔ دہی ہاتھی دانت اورسیپ جیسے میٹریل کی صفائی کے لیے بھی محفوظ ہے۔

امید ہے کہ آپ کو صفائی کے یہ طریقے پسند آئے ہوں گےاور آپ انہیں ضرور آزمانا چاہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں