سٹیٹ آف دی آرٹ قذافی سٹیڈیم آئندہ دس روز میں پی سی بی انتظامیہ کے حوالے ہونے کا امکان ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے لئے قذافی سٹیڈیم نئے انداز سے تیار کیا گیا ہے، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی گہری دلچسپی کے سبب سٹیڈیم کا تعمیراتی کام اور تزئین و آرائش صرف پانچ ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے جا رہی ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم محسن نقوی کے اس ویژن کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ دنیا کے دیگر عالمی معیار کے سٹیڈیمز کی طرح نظر آئے۔
سٹیڈیم کو پیشہ ورانہ انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ شائقین، میڈیا ، کھلاڑی اور آفیشلز کھیل کے ایک ایک لمحے سے بھرپور انداز میں لطف اٹھا سکیں۔
سٹینڈز میں کرسیوں کی تنصیب کا کام آخری مرحلے میں ہے، ایک ڈیجیٹل سکرین کا کام مکمل، دوسری بھی چند روز میں مکمل ہو جائے گی، فیلڈ لائٹس ٹاورز اب نئے بلب کے ساتھ روشن ہوں گے جو شائقین کیلئے خوبصورت نظارہ ہو گا۔
پی سی بی حکام کو امید ہے کہ آئندہ دس روز میں تمام کام مکمل ہونے کے بعد سٹیڈیم پی سی بی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا تاکہ سہ فریقی سیریز کی تیاریاں کی جا سکیں، چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی سٹیڈیم پاکستان ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی سہ فریقی سیریز کے میچوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
قذافی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 22 فروری کو کرکٹ کے دو روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔