ماں کا دودھ امراض چشم سے بچانے میں بھی مددگار

امریکا میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ماں کا دودھ جہاں متعدد بیماریوں سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے، وہیں یہ امراض چشم کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے ماں کے دودھ کا آنکھوں کی بیماریوں اور خصوصی طور پر کورنیا میں ہونے والے زخم یا دوسرے مسائل پر اس کے اثرات جانچنے کے لیے تحقیق کی۔

ماہرین نے انسانی دودھ کا استعمال چوہوں پر کرکے دیکھا اور نتائج جانچے کہ ان کی آنکھوں پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ماہرین نے نو عمر چوہوں کی آنکھوں کے کورنیا میں زخم کرکے انہیں انسانی دودھ دیا اور پھر اس کے نتائج جانچے۔

ماہرین نے پایا کہ کچھ ہی دنوں میں انسانی دودھ سے چوہوں کی آنکھوں کے کورنیا میں موجود زخم نہ صرف درست ہوگئے بلکہ ان میں توانائی بھی آگئی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ماں کا دودھ بچوں کو جہاں دیگر امراض سے لڑنے کی توانائی فراہم کرتا ہے، وہیں یہ امراض چشم کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ماں کے دودھ کے امراض چشم اور خصوصی طور پر آنکھوں میں ہونے والے زخموں میں کردار کا پہلی مرتبہ انکشاف 2016 میں آیا تھا، جس کے بعد اس پر مزید تحقیق کی گئی اور اب چوہوں پر بھی اس کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں کا دودھ فائدہ مند ہوتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ماں کا دودھ بچوں کی آنکھوں میں ہونے والے زخموں کو تیزی سے ٹھیک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ماہرین نے واضح کیا کہ ممکنہ طور پر ماں کے دودھ میں آنکھوں کے قطروں میں ہائی جانے والی پروٹین جیسی خصوصیات ہونے کی وجہ سے وہ امراض چشم کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

عام طور آنکھوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے تیار کیے جانے والے قطروں میں انسانی خون میں پائی جانے والی پروٹینز کو تبدیل کرکے شامل کیا جاتا ہے جو کہ قدرتی آںسوؤں جیسی خصوصیات رکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ماں کے دودھ میں بھی ایسی پروٹینز موجود ہوتی ہیں جو آنکھوں کے قطروں میں شامل کی جاتی ہیں، اس وجہ سے ماں کا دودھ امراض چشم کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں