واشنگٹن:امریکی انٹیلی جنس ایجنسی کی کورونا وائرس کی ابتدا کی رپورٹ کے بعد چینی حکام نے اس قیاس آرائی کو مسترد کردیا اور اسے ناقابل اعتبار اور سیاسی محرک پر مبنی قرار دیا۔ العربیہ اردو کے مطابق امریکا میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو بِنگ یو نےگزشتہ روز کہا کہ سی آئی اے کی رپورٹ پر کوئی اعتبار کرنے کی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کی اصل کو سیاسی بنانے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں ۔ ہم سب سے ایک بار پھر سائنس کا احترام کرنے اور سازشی نظریات سے دور رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی نے گزشتہ ہفتے کو جاری ہونے والی اپنی حالیہ رپورٹ میں اعلان کیا تھا کہ ممکنہ طور پر اس وبائی مرض کا ذمہ دار وائرس لیبارٹری سے لیک ہوا ہے۔ ایجنسی نے چین پر الزام کی انگلی اٹھائی ہے۔ اگرچہ ایجنسی نے اعتراف کیا ہے کہ اسے اپنے ہی نتیجے کے بارے میں کم اعتماد ہے۔