راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، نہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں، جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بنائی ہے، وہی مذاکرات کر رہی ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے دو اجلاس ہو چکے ہیں، مذاکرات کے تیسرے راؤنڈ سے پہلے عمران خان سے ملاقات کرنا ضروری ہے، ہم نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بھی بتایا تھا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنی ہے۔
انہوں نےکہا کہ امید تھی آج ملاقات ہوگی لیکن ابھی تک کوئی کنفرمیشن نہیں، امید ہے کل ہماری عمران خان سے ملاقات ہوجائے گی، بشریٰ بی بی مذاکراتی سلسلے میں بلکل شامل نہیں، کسی نے غلط خبر دی ہے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات چل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، نہ کوئی مذاکرات ہو رہے، جو کمیٹی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بنائی ہے وہی مذاکرات کر رہی ہے، مذاکراتی کمیٹی کے دو اجلاسوں کے علاوہ کہیں کوئی میٹنگ نہیں ہوئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے دو ہی مطالبات ہیں اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام، بانی پی ٹی آئی نے ان دو مطالبات کیلئے ٹائم فریم دیا ہے، عمران خان نے واضح کہا ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ آنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے القادر کیس میں کوئی ذاتی فوائد حاصل نہیں کئے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گواہوں نے بھی عدالت میں بتایا ہے بانی پی ٹی آئی کا براہ راست کوئی لین دین نہیں تھا، امید ہے القادر کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی بری ہوں گے۔