محمد شاہ ویز:
مختلف سنیکس اور فاسٹ فوڈ کے ساتھ اآپ سب کیچپ کھانا تو ضرور پسند کرتے ہوں گے، پھر چاہے فرنچ فرائز ہوں، برگر ہو،شامی کباب ہوں یا پاستا وغیرہ۔کیچپ ٹماٹر سے بنی ایسی چٹنی ہے جسے پوری دنیا میں بے حد پسند کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اٹھارویں صدی میں اس کا استعمال چٹ پٹے کھانوں کے ساتھ نہیں بلکہ بطور دوا کیا جاتا تھا۔ جی ہاں!
کیچپ 1835ء میں بطور دوا استعمال کی جاتی تھی اور ان دنوں ٹمویٹوپلز بھی دستیاب ہوتی تھیں۔ کیچپ گولیاں بنانے کا آئیڈیا ڈاکٹر ولیم سمتھ سے لیا گیاجو کہ میڈیسن میں معروف فزیشن تھے۔ ان گولیوں کو حفظانِ صحت کی گولیاں قرار دیا گیا۔ڈاکٹر سمتھ کی تحقیق کے مطابق کیچپ دل کے لیے بہت مفید ہے اور یہ جسم میں مختلف قسم کے کینسر کے ارتقا کو نہ صرف روکتا ہے بلکہ اس موذی مرض کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے ۔یہ زمانہ آج کی طرح جدید نہ تھا، اس لیے ان گولیوں کی سخت مخالفت کی گئی اور 1840ء میں اس کے استعمال میں بہت کمی واقع ہو گئی لیکن اس کا ذائقہ لوگوں کو اتنا بھایا کہ انہوں نے اسے دوا کی بجائے اپنی غذا بنانا زیادہ پسندکیا۔