تہران: ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے بند کریں، ورنہ حملوں کیلئے تیار رہیں۔
اپنے آڈیو پیغام میں ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ہم اپنے شہدا خصوصاً مناب سکول کے شہدا کا بدلہ لئے بغیر نہیں رہیں گے، دشمن کو ایرانیوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند رکھا جائے گا، دشمن پر دباؤ ڈالنے کیلئے آبنائے ہرمز کو بند رکھنا چاہئے، ایرانی رہنماؤں اورعوام کے درمیان رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ میراعہدہ مجھ سے کئی چیزوں کا تقاضا کر رہا ہے، دشمن ایرانی عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں، عوامی یکجہتی کے ساتھ دشمن کو شکست دیں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت کے بغیر میری کوئی اہمیت نہیں، ایرانی عوام کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا، ہمیں اپنے دشمن کوشکست دینی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ عوام نے دنیا کو دکھایا ایرانی عظیم قوم ہے، مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈے بند کئے جائیں، امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ہم پڑوسیوں سے دوستانہ روابط پر یقین رکھتے ہیں، ہم صرف فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ ناگزیر طور پر جاری رکھیں گے، اللہ تعالیٰ قوم کی رہنمائی کرنے میں میری مدد فرمائے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا، دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو 10 رمضان کو قرآن پڑھتے ہوئے شہید کیا گیا، مشکل وقت میں ایرانی عوام نے ہمیشہ بہتر فیصلے کئے، ایرانی فورسز نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔










