بالی وڈ اداکار

بالی وڈ اداکار آشیش ورنگ 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی کئی ہٹ فلموں میں اپنی جاندار اداکاری سے پہچان بنانے والے بالی وڈ اداکار آشیش ورنگ 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آشیش ورنگ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، تاہم ان کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔ ان کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے معاون کرداروں کے ذریعے فلموں میں اپنی الگ پہچان قائم کی۔

آشیش ورنگ نے اپنے فلمی کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی نمایاں فلموں میں “سوریا ونشی”، “مردانی”، “سمبا”، “سرکس” اور “ایک ولن ریٹرنز” شامل ہیں۔ ان فلموں میں پولیس افسر کے کردار میں ان کی پرفارمنس کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

فلموں کے ساتھ ساتھ وہ مراٹھی ٹی وی ڈراموں اور مختلف کمرشلز میں بھی دکھائی دیے، جس سے انہیں عوامی سطح پر مزید مقبولیت ملی۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نےبالی وڈ اداکار کے بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا، جن میں امیتابھ بچن، عامر خان، رانی مکھرجی، اجے دیوگن، اکشے کمار، کترینہ کیف، رنویر سنگھ اور ہدایت کار روہت شیٹی شامل ہیں۔

ان کی اچانک وفات پر فلمی حلقوں میں دکھ اور افسوس کی فضا پھیل گئی۔ ساتھی اداکاروں اور ہدایت کاروں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں محنتی، پروفیشنل اور بااعتماد فنکار قرار دیا۔ مداحوں نے بھی ان کی فلمی یادگار کرداروں کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔

فنکاروں کا کہنا ہے کہ آشیش ورنگ کا خلا طویل عرصے تک پر نہیں ہو سکے گا کیونکہ وہ ایک ایسے اداکار تھے جو ہر کردار کو حقیقت کا رنگ دے دیتے تھے۔ ان کی جدائی بالی وڈ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں