انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید نے ٹی20 کرکٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے دوران عادل رشید نے اپنی پہلی وکٹ حاصل کرتے ہی مجموعی طور پر 400 ٹی20 وکٹیں مکمل کر لیں۔ انہوں نے روسٹن چیز کو 34 رنز پر آؤٹ کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اس مقابلے میں عادل رشید نے چار اوورز میں صرف 16 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
وہ 400 ٹی20 وکٹیں لینے والے دوسرے انگلش بولر بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں سرفہرست کرس جارڈن ہیں جنہوں نے 431 میچز میں 446 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، جبکہ عادل رشید نے یہ سنگِ میل 342 اننگز میں عبور کیا۔
یاد رہے کہ لیگ اسپنر نے 3 فروری کو سری لنکا کے خلاف میچ میں 150 ٹی20 انٹرنیشنل وکٹیں بھی مکمل کی تھیں۔ ٹی20 انٹرنیشنل وکٹوں کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان 190 وکٹوں کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔










