عمران خان

عمران خان کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی: میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی فیملی نے پمز اسپتال کی میڈیکل رپورٹ وصول کرلی۔

بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی نے اڈیالہ جیل حکام کے ذریعے وصول کی۔ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا اڈیالہ جیل میں مکمل معائنہ کیا گیا۔

میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہر امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی تفصیلی طبی جانچ کی، بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، ماہرین نے اسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پمز منتقل کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا علاج ان کی رضامندی سے کیا گیا اور ان کو تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آپریشن تھیٹر میں علاج تقریباً 20 منٹ میں مکمل کیا گیا، بانی پی ٹی آئی علاج کے بعد مستحکم تھے اور علاج کے بعد معمول کی ہدایات کے ساتھ انہیں ڈسچارج کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو بھیجی تھی جسے وزیراعظم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کے حوالے کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں