وفاقی وزیراطلاعات

خون بہانےکی بات سمجھ سے بالاتر ہے: وفاقی وزیراطلاعات

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہےکہ صوبوں سے متعلق بحث کو روکا نہیں جا سکتا، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینےکی بات سمجھ سے بالا تر ہے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑکا کہنا تھا کہ آج بلاول بھٹو کی گفتگو سنی، ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، ملک میں صوبوں اور گڈگورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں،کیا صوبوں اور گورننس میں بہتری لانےکی بات کرنے سے عوام کو روکا جائے؟جمہوری اور قانونی تقاضا ہےکہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بہتر تو یہ ہےکہ یہ بحث جو چل رہی ہے عوام کوکرنے دی جائے،کسی کو عوام کے پاس جانے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، نمائندے عوام سے ہیں عوام نمائندوں سے نہیں، عوام حتمی فیصلہ کرتے ہیں، آپ کس طرح جمہوری حق اور گڈگورننس سے عوام کو محروم رکھ سکتے ہیں؟ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے عوام کی مرضی جانے بغیر آپ کیسے فیصلہ کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالا تر ہے، آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے، عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا،عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے، ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مد نظر رکھا جائے، ریفرنڈم آئین کا حصہ اور آئینی طریقہ کار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں؟ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، آج ہم خود کو اس نظام کی خامیوں سے الگ نہیں کرسکتے،ہم ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں ،بیٹھ کر بات کیوں نہیں کرتے، سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں، نیب اصلاحات بھی خودکیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں