اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے متعلق بھارتی بیان کو من گھڑت قرار دے کر مسترد کردیا
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، افغانستان میں پاکستان کی جانب سے ہونے والی کارروائیوں پر بھارت کا بیان مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف اپنی جائز کارروائیاں کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو مسلسل دبانے میں مصروف ہے، جبکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی بھی کر رہا ہے، بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے ملک کا کردار ادا کر رہا ہے، اس لئے اس کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز بیانات کو عالمی سطح پر کوئی اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ ایک ملک جو ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتا ہو اس کی جانب سے بیان آنا مضحکہ خیز ہے۔
ترجمان کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ممکن اور ضروری اقدام اٹھاتا رہے گا۔










