ٹاس جیت

انڈر 19 ورلڈ کپ فائنل: بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا

بھارت نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والے فائنل میں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

بھارتی ٹیم کی نظریں ریکارڈ چھٹی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹرافی حاصل کرنے پر مرکوز ہیں، جبکہ انگلینڈ 1998 کے بعد اپنا پہلا یوتھ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔

بھارت نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں بھارتی ٹیم نے 311 رنز کا ہدف 9 اوورز پہلے ہی حاصل کر لیا تھا، جس کے ساتھ ہی اس نے انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کے کامیاب تعاقب کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

دوسری جانب انگلینڈ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 27 رنز سے شکست دی تھی، جس میں کپتان تھامس ریو کی شاندار سنچری نمایاں رہی۔

رواں ایونٹ میں انگلینڈ کے بین مائیز 399 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر ہیں، جبکہ بھارت کے سوریا ونشی 264 رنز بنا چکے ہیں۔

بولنگ میں انگلینڈ کے مینی لمسڈین 15 وکٹیں حاصل کر کے سرفہرست ہیں۔

فائنل میچ کے لیے پچ کو بیٹرز اور بولرز دونوں کے لیے سازگار قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں