فوڈ کوما : کھانے کے بعد غنودگی یا سُستی کا کیا علاج ہے؟

ماہرینِ صحت کے مطابق زیادہ چکنائی اور کاربوہائیڈریٹس والی غذا کھانے کے بعد جسم میں سستی، غنودگی اور تھکاوٹ محسوس ہونا ایک عام کیفیت ہے جسے طبی اصطلاح میں “فوڈ کوما” یا کھانے کے بعد کی اونگھ کہا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب انسان ضرورت سے زیادہ یا بھاری غذا کھاتا ہے تو جسم خون کی بڑی مقدار ہاضمے کے عمل کی طرف منتقل کر دیتا ہے، جس کے باعث دماغ کی سرگرمی متاثر ہوسکتی ہے۔

اسی وجہ سے انسان کو جمائیاں آنے لگتی ہیں، توجہ مرکوز کرنے میں دشواری ہوتی ہے اور فوری آرام یا نیند کی خواہش محسوس ہوتی ہے۔
کیا سلاد کھانا فوڈ کوما سے بچا سکتا ہے؟
ماہرین کے مطابق اگر کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین سے بھرپور کھانے سے پہلے سبزیاں یا سلاد کھایا جائے تو نہ صرف نظامِ ہاضمہ بہتر رہتا ہے بلکہ فوڈ کوما کی کیفیت سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

سلاد میں موجود فائبر معدے میں پانی جذب کرکے جیل جیسا مادہ بناتا ہے، جس سے کھانے کے ہضم ہونے کا عمل نسبتاً سست ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں معدہ زیادہ دیر تک بھرا محسوس ہوتا ہے اور انسان کو جلد دوبارہ بھوک نہیں لگتی۔

بلڈ شوگر اور وزن کنٹرول کرنے میں مددگار
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھانے سے پہلے سلاد کھانے سے بلڈ شوگر اچانک نہیں بڑھتی بلکہ اس کا توازن برقرار رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھانے کے بعد جسمانی تھکاوٹ اور سستی کم محسوس ہوتی ہے جبکہ انسان خود کو زیادہ چاق و چوبند محسوس کرتا ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ عادت بلڈ شوگر میں اضافے کو تقریباً 30 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سلاد وزن کم کرنے، کولیسٹرول کو متوازن رکھنے، قبض سے بچانے اور جسم میں پانی کی کمی دور کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

کون سی سبزیاں زیادہ مفید ہیں؟
ماہرینِ صحت زیادہ فائبر والی سبزیوں کے استعمال پر زور دیتے ہیں، جن میں گاجر، کھیرا اور شملہ مرچ خاص طور پر شامل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھانے سے پہلے تھوڑی مقدار میں سلاد کھانا صحت کے لیے انتہائی مفید عادت ثابت ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں